اڈپی،21؍ دسمبر (ایس او نیوز) اڈپی میں واقع سلطان ڈائمنڈس اینڈ گولڈ شو روم سے سونے کی چوڑیاں جو چرائی گئی تھیں اس سلسلے میں پولیس نے 3 ملزمین کو مہاراشٹرا کے شولاپور سے گرفتار کیا ہے ۔
یاد رہے کہ 23 نومبر کو زیورات خریدنے کے بہانے ایک مرد اور بچے کے ساتھ داخل ہونے برقعہ پوش خواتین نے 60 گرام وزنی چار سونے کی چوڑیوں پر ہاتھ صاف کیا تھا جس کی مالیت کا اندازہ 3 لاکھ روپے لگایا گیا تھا ۔
اڈپی ٹاون پولیس اسٹیشن میں کیس رجسٹر کرنے کے بعد تحقیقات کے دوران پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے اس معاملہ میں MH-13-AF-4599 نمبر کی ٹویرا کار استعمال ہونے کا سراغ ملا ۔ پولیس نے اسی رخ پر تحقیقات کا سلسلہ آگے بڑھایا اور ملزمین کی تلاش میں شولاپور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی جہاں سے آصف اشفاق شیخ ، نازیہ اشفاق شیخ اور سوداگر دلیپ گنڈوکر نامی ملزمین کو گرفتار کیا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ملزمین کے پاس سے ٹویرا کار، موبائل فون اور چرائی گئی چوڑیاں برآمد ضبط کی ہیں ۔ گرفتاری کے بعد ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔